بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے یوپی اسمبلی انتخابات کو لے کر
لکھنؤ میں پارٹی کا منشور جاری کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اس بار بی جے پی
ریاست میں دو تہائی سے حکومت بنانے جا رہی ہے۔ اس موقع پر امت شاہ نے کہا
کہ انتخابات کے نتائج پارٹی کے حق میں آئیں گے اور مکمل اکثریت سے بی جے پی
کی حکومت بنے گی۔ ہم یوپی کو ترقی پسند ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ بی جے پی
اس عزم کے ساتھ یہاں آئی ہے کہ وہ عوام کے ہر خواب کو پورا کرے گی۔ بی جے
پی صدر نے کہا کہ اس بار پارٹی نے یوپی میں تجربہ کیا ہے۔ مثلا کالے
دھن کے خلاف ہم نے مہم چلائی۔ پریورتن یاترا اور 'یوپی کے من کی بات' کے
ذریعے ہم نے عام لوگوں کی رائے جاننے کی کوشش کی۔ ہمیں امید ہے کہ اس سے
الیکشن میں ہمیں ضرور فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت یوپی میں
بننے پر ہم اسے بيمارو ریاست کی فہرست سے باہر کریں گے۔ اس بار بی جے پی کا
منشور 9 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بی جے پی نے اپنے منشور کا نام 'لوک
سنکلپ پتر ' دیا ہے۔